بلیک ہیڈز سے نجات
بلیک ہیڈز سے نجات
بلیک ہیڈ ایک ایسا مسئلہ ہے جس سے نوجوان لڑکیوں اور خواتین کی اکثریت متاثر ہے۔ خواتین کیلۓ یہ جاننا ضروری ہے کہ بلیک ہیڈز کی بنیادی وجہ کیا ہے۔ بلیک ہیڈز دراصل جلد کے نیچے پاۓ جانے والےغدود کے ضرورت سے زیادہ فعال ہونے کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں۔ یہ غدود چکنائی سے بھرپورمادہ خارج کرتے ہیں جس سے جلد کے مسام سخت اور موٹے ہو جاتے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ یہی چکنائی ان مساموں کے دہانے پر جمع ہو کر سخت ہو جاتی ہے اور بعدازاں یہ چکنائی کالی ہوجاتی ہے۔ ان بلیک ہیڈز کی اگر ابتدائی سطح پر احتیاط نہ کی جاۓ تو وقت کے ساتھ یہ ایکنی کا مسئلہ پیدا کرتے ہیں جو جلد پر داغ دھبوں کا باغث بنتا ہے۔ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو کر ان پر قابو پانا زیادہ آسان ہے۔ اس مقصد کے لیۓ خواتین کو چاہیۓ کہ وہ جلد کی کلینزنگ کو اپنا معمول بنا لیں۔
اس حوالے سے بعض خواتین دن میں متعدد بار صابن سے منہ دھوتی ہیں حالانکہ ایسا کرنا الٹا جلد کیلۓ باعث نقصان ہوتا ہے کیونکہ صابن سے منہ دھونے کی صورت میں جلد کی تیزابی سطح سخت متاثر ہوتی ہے۔ دن بھر میں چار سے پانچ بار چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھونا چاہیۓ۔
بلیک ہیڈز منٹوں میں صاف
بلیک ہیڈز چہرے کی خوبصورتی اور جلد کی ساخت کو بگاڑنے میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ ایک عام جلدی مسئلہ ہے۔ بلیک ہیڈز قدرتی چکنائی اور جلد کے خلیات کا ملاپ ہیں جو ہیر فولیکل میں جمع ہوتے ہیں۔ یہ چونکہ کھلے منہ والے ہوتے ہیں جو اسکن نہیں رکھتے اس لیے ہوا میں موجود آکسیجن اس چکنائی کے ساتھ مل کر اسے گہرا سیاہ کر دیتی ہے۔ بلیک ہیڈز زیادہ تر ناک کے سرے اور اس کے اطراف میں موجود ہوتے ہیں لیکن کچھ لوگوں میں یہ دوسری جگہوں جیسے کہ کانوں، کندھوں اور پیٹھ وغیرہ میں بھی پاۓ جاتے ہیں۔ بلیک اور وائٹ ہیڈز ہر اس جگہ بن سکتے ہیں جہاں پر ہیر فولیکل موجود ہوں۔
بلیک ہیڈز سے چھٹکارا پانے کے لیے مساج اور اسٹیمنگ کے علاوہ جلد کی دیکھ بھال اور صفائی کا باقاعدہ بنیادوں پر دھیان رکھنا بے حد ضروری ہے۔
ٹپ نمبر 1
آج ہم آپ کو بلیک ہیڈز ہٹانے کا ایک نہایت ہی پر اثرطریقہ بتاتے ہیں جس کے لیے آپ کو گلو یا گوند کی ضرورت پڑے گی جوکہ ہر گھر میں موجود ہوتی ہے۔ سب سے پہلے گلو لیں لیکن اس سے پہلے اپنے چہرے کو دھو کر خشک کر لیں۔ آپ گلو کو اپنی ناک یا جس حصے پر بلیک ہیڈز ہیں وہاں پھیلا دیں۔ جب گلو خشک ہو جاۓ تو ناک کو تھوڑا سا سکیڑیں، تاکہ مساموں سے سارے بلیک ہیڈزباہر نکل آئیں۔ پھر سوکھی ہوئی گلو کی پرت کو ہاتھ سے پکڑ کر اتار دیں، اس سادہ سی ٹپ سے نہ صرف بلیک ہیڈز نکل جائیں گے بلکہ آپ کی جلد بھی نرم و ملائم ہو جاۓ گی۔
ٹپ نمبر 2
جلد میں تیزابی سطح کو برقرار رکھنے کیلۓ ایک کھانے کا چمچ سرکہ لے کر اس میں ایک لیموں کا عرق نچوڑ لیں۔ اب روئی کی مدد سے اسے چہرے پر موجود ٹی زون پر لگائیں۔ اس مقصد کیلۓ ٹی زون یعنی ماتھا، ناک اور ٹھوڑی کے حصوں کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں اور اس کے بعد یہ مرکب لگائیں، بلیک ہیڈز کا صفایا ہو جاۓ گا۔
ٹپ نمبر 3
بھاپ کے ذریعے بلیک ہیڈز کو ختم کیا جا سکتا ہے۔ اپنے چہرے کو بھاپ دینے کے لیے پہلے اچھی طرح چہرے کو دھو لیں۔ اب ایک کھلے منہ والے برتن میں پانی بھریں اور پانی کو آگ پر پکائیں۔ سر پر تولیہ رکھتے ہوۓ چہرے کو پانچ منٹ تک بھاپ دلائیں اور پھر صاف کپڑے سے چہرے کو پونچھ لیں۔ آخر میں ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو لیں تا کہ جلد کے کھلے ہوۓ مسام بند ہو جائیں۔
ٹپ نمبر 4
بلیک ہیڈز کو توتھ پیسٹ کی مدد سے بھی ہٹایا جا سکتا ہے جو ایک سستہ اور موثر طریقہ ہے۔ ایک حصہ توتھ پیسٹ لیں اور اس میں چوٹکی بھر نمک شامل کریں اور تھوڑا سا پانی شامل کر کے مکسچر بنا لیں۔ اس آمیزہ کو بلیک ہیڈز والی متاثرہ جگہ پر رگڑیں اور 5 منٹ تک چھوڑ دیں۔ اب چہرے پر لگاۓ ہوۓ آمیزے کو صاف کپڑے سے پونچھ لیں اور گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔
