سفید بال اور علاج
بال عمر کے ساتھ ساتھ سفید ہوتے ہیں۔ لیکن اگر پریشانیاں لاحق ہوں تو بال اور بھی زیادہ تیزی سے سفید ہونے لگتے ہیں۔ اچانک شدید صدمے کے نتیجے میں بال جلد سفید ہو سکتے ہیں۔ بالوں کی سیاہ رنگت کیوں غائب ہو جاتی ہے؟ اس کا سبب یہ ہے کہ غم اور صدمے کی وجہ سے بالوں کے فا لیکلرز میں سیاہ رنگ کی پیدائش کا عمل سست پڑ جاتا ہے یا بالکل رک جاتا ہے جس سے بال بیرنگ ہونے لگتے ہیں۔ جب بال مکمل طور پر بے رنگ ہو جاتے ہیں تو وہ سفید نظر آنے لگتے ہیں۔
بالوں کے سفید ہونے میں موروثی خصا ئل کا بھی دخل ہوتا ہے۔ اس لئے بعض لوگوں کے بال دوسروں کی نسبت جلد سفید ہو جاتے ہیں۔
سفید بالوں کا علاج
انسان جو چیز کھاتا ہے اس کے اثرات اس پر نمایاں ہوتے ہیں۔ اگر آپ متوازن غذا کھائیں گے تو ذہنی اور جسمانی مسائل سے محفوظ رہیں گے۔ اچھی خوراک کا استعمال نہ کرنا نہ صرف صحت کو متاثر کرتا ہے بلکہ جلد اور بالوں کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔ بالوں کی سفیدی کا خوراک کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ بالوں پر قدرتی اجزاء لگانے کے ساتھ ساتھ اگر اچھی خوراک آپ لینگے تو فائدہ ہوگا۔ کوشش کیجئے کہ جن غذاؤں میں گندھک یعنی سلفر اور فولاد شامل ہوں ان کو بکثرت استعمال کریں۔ دیکھا گیا ہے کہ بہت سے مریضوں نے جب ایسا پانی استعمال کیا جس میں گندھک موجود تھی اور انڈوں کی زردی استعمال کی اور سر میں زیتون کا تیل لگایا تو ان کے بال دوبارہ سیاہ ہونے لگے۔ آپ کو معلوم ہونا چاہیے کہ تمام سبزیوں اور پھلوں میں یہ معد نیات موجود ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ آپ پروٹین سے بھرپور غذا جس میں انڈا ،پنیر، بادام، لوبیا، پیاز اور لہسن شامل ہیں استعمال کریں۔ اس کے علاوہ مچھلی کے تیل کا بالوں پر استعمال بھی اچھے اثرات مرتب کرےگا۔
