Der tak Baithna Sehat ke Liye Kitna Khatarnaak
زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنا تمباکو نوشی کی طرح صحت کے لیۓ مضر ہوتا ہے اور یہ مختلف بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ جب کہ اس کے مقابلے میں ایک اچھی اور آرام دہ وائٹ کالر جاب ہر انسان کا خواب ہوتا ہے ۔ جس میں انسان ٹھنڈے کمرے میں کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر نوکری کرے۔
۔1 زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنا صحت کے لیۓ کیسے نقصان دہ ہو سکتا ہے؟
رب العّزت نے انسان کو چلنے پھرنے کے لیۓ بنایا ہے۔ چلتے پھرتے رہنے سے دل اور اس سے جڑے عضلات اچھا کام کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ چلتے پھرتے رہنے سے نظام ہاضمے کے افعال بھی درست طریقے سے کام کرتے ہیں۔
۔1 ٹانگوں کے پٹھوں پر اثرات
ٹانگوں اور رانوں کے پٹھے حرکت کرنے کے لیۓ بناۓ گئے ہیں، لیکں زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے کے سبب یہ پٹھے کمزور ہو جاتے ہیں۔ ان پٹھوں کی کمزوری کی صورت میں معمولی سی چوٹ لگنے کی صورت میں بھی بڑے نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے۔
۔2 وزن میں اضافہ
اپنے جسم کو حرکت دینے اور چلنے پھرنے سے جسم میں موجود چکنائی اور شوگر اپنی جگہ بنالیتی ہے۔ لیکن اگر آپ زیادہ دیر تک حرکت نہیں کرتے ہیں تو اس سے یہ جسم کے اندر جمع ہونا شروع ہو جاتی ہے اور زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے والے افراد میں موٹاپے کا باعث بنتی ہے ۔ جو کہ کئی بیماریوں کو اپنے ساتھ لے کر آتا ہے۔
یہاں تک کہ اگر آپ دن کے کچھ حصے میں باقاعدگی سے ورزش بھی کریں۔ تب بھی بیٹھے رہنے کے نقصانات سے نہیں بچ سکتے اور میٹا بولک سنڈروم کا شکار ہو سکتے ہیں۔ جس کی وجہ سے جسم کا میٹابولزم سست روی کا شکار ہو جاتا ہے اور وقت سے پہلے انسان بوڑھا ہونا شروع ہو جاتا ہے۔
۔3 کولہے اور کمر کی تکلیف
ٹانگوں کے پٹھوں کی طرح زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے سے کمر کے پٹھے بھی متاثر ہوتے ہیں۔زيادہ دیر تک بیٹھے رہنے کے سبب کولہے کے پٹھے سکڑنا شروع ہو جاتے ہیں ۔جس سے کولہے کے جوڑوں کو حرکت کرنے میں مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے ۔
اس کے علاوہ کمر میں بھی زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے کی وجہ سے تکلیف ہو سکتی ہے۔ خاص طور پر اگر آپ آرام دہ کرسی کا استعمال نہیں کرتے تو اس کا اثر آپ کی کمر پر پڑتا ہے۔ جس کی وجہ سے ریڑھ کی ہڈی کے مہرے دب سکتے ہیں اور شدید درد کا باعث ہو سکتے ہیں۔
۔4 ڈپریشن کا شکار
اس بات کا براہ راست تعلق سامنے نہیں آسکا ہے کہ زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے والے لوگ ذہنی طور پر جلدی عدم استحکام کا شکار کیوں ہو جاتے ہیں۔ لیکن یہ حقیقت ہے کہ زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے والے لوگ آسانی سے ڈپریشن کا شکار ہو جاتے ہیں۔
۔5 کینسر
زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے والے افراد ایک ہی طریقے سے زیادہ دیر تک بیٹھے رہتے ہیں ۔جس سے ان کے اندر پھپھڑوں ، آنتوں اور یوٹرائن کا کینسر بننے کے امکانات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کا سبب ماہرین کے مطابق جسم کے اندرونی اعضا کو ایک ہی حالت میں دیر تک رہنا قرار دیا گیا ہے۔
۔6 دل کے امراض
ماہرین کی جدید تحقیق کے مطابق اگر ایک ہفتے میں انسان 23 گھنٹے تک بیٹھ کر کام کرتا ہے ۔ اس کے سبب اس کے اندر دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے امکانات میں 63 فی صد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جو کہ ایک ہفتے میں گیارہ گھنٹے تک بیٹھ کر کام کرنے والے افراد سے بہت زیادہ ہے۔
۔7 ذیابیطس
جو لوگ چلنے پھرنے کے بجاۓ زیادہ دیر تک ایک ہی جگہ پر بیٹھ کر کام کرتے ہیں۔ ان کے جسم میں انسولین سے حساسیت میں کمی واقع ہوتی ہے جو کہ ان کو ذیابیطس کی بیماری کا شکار کرسکتی ہے۔
ان تمام اعداد و شمار کو دیکھتے ہوۓ ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ زیادہ دیر تک بیٹھے رہنے سے انسان کے جسم کو اتنا ہی نقصان ہوتا ہے جتنا کہ اس کو تمباکو نوشی کی صورت میں ہوتا ہے۔ اس وجہ سے زیادہ دیر تک بیٹھ کر کام کرنے والے لوگ باقاعدگی سے اپنے ڈاکٹر سے رابطے میں رہیں۔
