Blogسر کے نسخے

بالوں میں خشکی کی وجہ سکری کا حل خشکی کاعلاج

بالوں میں خشکی کو سکری بھی کہا جاتا ہے- اس بیماری میں سر کی جلد پر چھوٹے چھوٹے سفید رنگ کے چھلکے پیدا ہو جاتے ہیں اور اکثر کپڑوں یا کندھوں پر بکھرے نظر آتے ہیں جو کہ بہت بدنما لگتے ہیں- مختلف  علامات کے لحاظ سے سکری کو مندرجہ ذیل قسموں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔

-: سکیلی سیبوریا 
اس میں بہت سے چھوٹے چھوٹے سفید رنگ کے چھلکے سر کی جلد پر نظر آتے ہیں جن کو اگر ہٹایا جائے تو ان کے نیچے جلد انتہائی خشک نظر آتی ہے۔

-: ویکسی سیبوریا 
اس بیماری میں سر کی جلد جگہ جگہ سےنرم پیلے رنگ کی موم سے ڈھکی ہوئی نظر آتی ہے یہ گنجے پن کی ابتدائی علامتوں میں سے ایک ہوتی ہے۔

:-ایلیس سیبوریا 
یہ بیماری بچوں میں عام ہوتی ہیں- اس میں سر کی جلد چکنی محسوس ہوتی ہے۔

-:پٹی ری آسس
یہ ایسی بیماری ہے جس میں سر کی جلد کے ابھرے ہوئے حصے اس سے الگ ہو کر گرنے لگتے ہیں اسکے مختلف مراحل ہوتے ہیں جو سر میں ٹکڑیوں کی شکل میں ظاہر ہوتے ہیں اور ان مراحل کے دوران سر میں سخت کھجلی ہوتی ہے پھر متاثرہ حصے چکنے ہو جا تے ہیں اور بال گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔

سکری/خشکی کی مذکورہ اقسام کی تشریح بہت مختصر طور پر کی گئی ہے کیونکہ ان کا علاج مشترک ہے اور اس کے لئے ان سب کو خشکی کے ایک ہی عنوان تلے رکھا جا سکتا ہے۔

-:سکری یا خشکی کی وجوہات
کسی بھی بیماری کا علاج کرنے سے پہلے اس کی وجوہات جاننا بہت ضروری ہے تاکہ احتیاط کر کے اس بیماری کو پیدا ہونےسے روکا جا سکے۔
جب کوئی شخص بخار یا جلدی امراض میں مبتلا رہتا ہے اور ان کے علاج کی خاطر ادویات استعمال کرتا ہے تو اس کے سر میں خشکی زیادہ نظر آنے لگتی ہے اس کے علاوہ خشکی اس وقت بھی ظاہر ہوتی ہے جب کوئی شخص عرصہ دراز تک جذباتی یا اعصابی تناؤ اور الجھاؤ کا شکار رہا ہو۔
خشکی کے پیدا ہونے میں جسمانی صحت اور خوراک کا بھی بڑا دخل ہے جب خوراک ٹھیک طور پر ہضم نہ ہو رہی ہو تو جسم اپنی کثافتیں خشکی کی شکل میں خارج کرنا شروع کر دیتا ہے- خشکی کا اخراج اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ جسم کے نظام اخراج کے دیگراعضاء اپنا کام صحیح انداز میں سرانجام نہیں دے رہے اور اس کے لیے جسم اپنی کثافتیں سر کی جلد کے راستے سے خارج کر رہا ہے- لہذا نظام اخراج کےاعضاء جیسا کہ پھیپھڑوں اورگردوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی طرف توجہ دینی چاہیے۔


– :خشکی یا سکری کا علاج
اچھی اور متوازن غذا کے ساتھ ساتھ اگر آپ یہ طریقے آزمائیں گے تو بالوں کی خشکی کی کمی میں نمایاں فرق دیکھیں گے- سب سے پہلے بالوں کی صفائی مندرجہ ذیل طریقے سے کریں۔
تولیہ کو گرم کرکے اپنے سر پر رکھیں تاکہ جلد کے مسام کھل جائیں- اس کے بعد نیم گرم زیتون کا تیل سر کی جلد پر انگلیوں سے لگائیں اور انگلیوں کے سروں سے اس کو جلد میں جذب کرنے کی کوشش کریں- اسکے بعد سر کو نیم گرم پانی اور ہر بل شیمپو سے دھوئیں- جب سر کی مکمل صفائی ہو جائے تو پھر چھوٹی کنگھی سے سر کی مزید صفائی کریں۔
اس کے بعد ٹھنڈے پانی سے سر کو دھوئیں- اس عمل کے بعد آپ کو سر میں کھجلی اور کچا پن محسوس ہو گا لیکن اسکی پروا نہ کریں اور نہ ہی اس کا علاج کریں۔

 
جب خشکی عرصہ دراز سے ہو تو مذکورہ صفائی ایک ہفتہ تک روزانہ کریں اگر خشکی کا حملہ شدید نہ ہو تو پھر اس قسم کی صفائی ہفتے میں دو بار کرنا کافی ہے درمیانی وقفہ میں مندرجہ ذیل طریقے سے بالوں کی صفائی کریں ۔۔۔ ہر صبح چھوٹی کنگھی کے ساتھ بالوں سے خشکی کے چھلکے صاف کریں پھر انگلیوں کے سروں سے سر کی مالش کریں اور  پانچ منٹ تک  برش کرتے رہیں- بالوں کو جس قدر ہو سکے دھوپ سے بچائیں-ایسا  کوئ لوشن با لوں میں استعمال نہ کریں جو سر کی جلد کے مسام بند کر دے ۔